منگلورو،29 ؍نومبر (ایس اونیوز) منگلورو میں دیوار پر اشتعال انگیز پیغام لکھنے کی کڑی مذمت کرتے ہوئے جنوبی کینرا کانگریس کمیٹی کی طرف سےجاری کیے گئے بیان میں کمیٹی کے صدر کے ہریش کمار نے حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ سماج میں تفریق پیدا کرنے والی اس شرپسندی کے ذمہ دار چاہے جو کوئی بھی ہوں ،ایسے ملک دشمن عناصر کو فوراً گرفتار کرکے انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے۔
رکن اسمبلی یو ٹی قاد ر نے بھی شہرکی دیواروں پر اشتعال انگیز پیغامات اور نعرے لکھے جانے کی کڑی مذمت کی ۔اتوار کو سرکیوٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا:’’ ہم شہر کی دیواروں پر تحریر کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ اس میں چاہے جس کسی کا بھی ہاتھ ہو، اسے ہرگز برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔مجرموں کی نشاندہی کرنا بی جے پی حکومت اور پولیس محکمہ کی ذمہ داری ہے۔‘‘
یوٹی قادر نے سوال کیا کہ :’’ آخر انٹلی جنس ایجنسی کیا کررہی ہے؟ایسے واقعات کیوں دوہرائے جارہےہیں ؟ اس سازش کا پردہ فاش کیا جانا چاہیے۔اورایسے لوگوں کو دیش سے نکال دینا چاہیے۔‘‘انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر 15دن کے اندر مجرموں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو پھر پورے ضلع میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔
دوسری طرف آئیوان ڈیسوزا نے ’یوتھ انٹک‘ کے بینر تلے احتجاجی مظاہرا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ اس شرپسندانہ حرکت کے ذمہ داروں کو جلد سے جلد گرفتار کرکے ان کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کیاجائے اور انہیں ملک بدر کیا جائے ۔شہر کے منی ودھان سودا کے سامنے منعقدہ اس احتجاجی مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے ایڈوکیٹ دینکر شیٹی نے کہا کہ شہر کے کونے کونے میں سی سی کیمرے لگے ہوئے ہیں پھر بھی شرپسندوں کو گرفتار کرنا پولیس کے لئے ابھی تک ممکن نہیں ہوسکا ہے۔اس سے پولیس کی اہلیت اور کارروائی پر شکوک وشبہات پیدا ہورہے ہیں۔اس احتجاج میں ’یوتھ انٹک‘ کے لیڈر منوہر شیٹی، چترنجن شیٹی، سنیل شیٹی، ہریش ، پونیت وغیرہ موجود تھے۔